اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے لاہور میں عزاداری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کچھ علاقوں میں انتظامیہ کی طرف سے مجالس عزا میں غیر اعلانیہ رکاوٹوں کی مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ عزاداری سید الشہدا ہمارا آئینی اور شہری حق ہے، جس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، اسے جان کی قربانی دے کر بھی جاری رکھیں گے، ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی متعصب گروہ کے وفادار بننے کی بجائے آئین اور قانون کے مطابق عمل کریں، ہمیں غم حسین منانے کیلئے کسی سے اجازت کی ضرورت نہیں، یہ ہمارا آئینی حق ہے، جس کی جتنی بھی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی دریغ نہیں کریں گے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مجالس عزا کے انعقاد کیلئے انتظام کرے، مصنوعی اور خود ساختہ رکاوٹیں پیدا نہ کرے، محبان اہلبیت اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بھی مجالس کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ علاقوں میں انتظامیہ بانیان مجالس کو مختلف حیلے بہانوں سے ہراساں کر رہی ہے، حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ عزاداری کو محدود کرنا کسی کے بس کی بات نہیں، انہیں خواہ مخواہ تنگ کرکے خود ہی اپنے اقدامات پر شرمندہ ہونا پڑے گا، عزاداری کسی حکومت یا کسی فرقے کیخلاف نہیں، یہ محبت اہلبیت کا اظہار اور یزیدیت کیخلاف احتجاج اور پیغام حریت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169